حتیٰ کہ ایک جبری گمشدگی بھی صورتحال کی سنگینی کا احساس دلانے کے لیے کافی ہے

| 30 August 2021

پریس ریلیز

حتیٰ کہ ایک جبری گمشدگی بھی صورتحال کی سنگینی کا احساس دلانے کے لیے کافی ہے

لاہور، 30 اگست۔ جبری گمشدگیوں کے متاثرین کے عالمی دن کے موقع پر، ہیومن رائٹس کمیشن آف پاکستان (ایچ آر سی پی) نے جبری گمشدگیوں کے انکوائری کمیشن کی مایوسن کن کارکردگی بشمول اس کے چئیرپرسن کی خراب ساکھ اور اِس سنگین جرم میں مجرموں کے محاسبے کے لیے اس میں صلاحیت یا ارادے کے فقدان پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔

ایچ آر سی پی کو یہ جان کر شدید دکھ ہوا ہے کہ گذشتہ 10 برسوں میں علاقائی لحاظ سے جبری گمشدگیوں کا دائرہ وسیع ہوا ہے اور اب یہ جرم تمام صوبوں اور علاقوں تک پھیل گیا ہے، جبکہ پس منظر کے لحاظ سے متاثرین میں اب نہ صرف سیاسی کارکنان شامل ہیں بلکہ صحافی اور انسانی حقوق کے دفاع کار بھی اس کی لپیٹ میں ہیں۔

اگرچہ حال ہی میں جبری گمشدگیوں کے خلاف  تجویز کیا گیا مسودہ قانون کاغذی کاروائی کے اعتبار سے ایک اچھا قانون ہے اور کم از کم صورتحال کی سنگینی کا اعتراف کرتا ہے مگر ایچ آر سی پی کے لیے پریشان کن امر یہ ہے  کہ مسودہ قانون میں مجرموں کی شناخت اور محاسبے کے لیے ٹھوس اور قابلِ عمل طریقہ کار موجود نہیں اور متاثرین اور اُن کے ورثاء کے لیے معاوضے کا بندوبست بھی دستیاب نہیں ہے۔ اِس کے علاوہ، جب تک ذمہ داری صرف افراد پر عائد کرنے کی بجائے  قانون کے تحت تمام ریاستی ایجسنیوں کو جوابدہ نہیں ٹھہرایا جاتا، صرف قانون کے موجودگی سے جبری گمشدگیوں کا سلسلہ نہیں رکنے والا۔ ایچ آر سی پی عدالت سے بھی مطالبہ کرتا ہے کہ وہ شہریوں کے بنیادی حقوق کے نفاذ کی ذمہ داری ادا کرے اور جبری گمشدگیوں کے لیے جوابدہی کو یقینی بنانے کے لیے پہلے سے زيادہ پختہ عزم کا مظاہرہ کرے۔

آج ایچ آر سی پی کے زیرِاہتمام منعقد ہونے والے ایک سمینار میں ، چئیرپرسن حنا جیلانی نے کہا کہ’حتیٰ کہ ایک جبری گمشدگی بھی صورتحال کی سنگینی کا احساس دلانے کے لیے کافی ہے’ اور مزید کہا کہ وہ خاص طور پر اِس لیے پریشان ہیں کہ افغانستان کا بحران طالبان کے نظام کے خلاف بولنے اور اس نظام کو ریاستِ پاکستان کی پوشیدہ حمایت کی مخالفت کرنے والے ترقی پسند حلقوں میں جبری گمشدگیوں کے واقعات میں اضافے کا سبب بن سکتا ہے۔

سول سوسائٹی کی دیگر تنظیموں کے ساتھ مل کر، ایچ آر سی پی نے اسلام آباد، کراچی، حیدرآباد اور ملتان میں جبری گمشدگیوں کے خلاف احتجاجی مظاہروں کا اہتمام کیا۔

چئیرپرسن حنا جیلانی

Category: Press Releases, Urdu

Comments are closed.