پاکستان ہندوکونسل کی افواجِ پاکستان سے موثر عسکری آپریشن کی استدعا
پاکستان ہندوکونسل کی افواجِ پاکستان سے موثر عسکری آپریشن کی استدعا، ایک منٹ کی خاموشی، شمعیں روشن کیں، متاثرہ خاندانوں کا غم پوری پاکستانی قوم کا مشترکہ غم ہے، ڈاکٹر رمیش کمار ونکوانی
کراچی / اسلام آباد (18دسمبر2014ئ): پاکستان میں بسنے والی ہندوبرادری کی ملک گیر نمائندہ تنظیم پاکستان ہندوکونسل نے اپنی ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس میں حکومتِ پاکستان اور مسلح افواج پر زور دیا ہے کہ وہ وطن عزیز کو امن و سلامتی کا گہوارہ بنانے کیلئے بلاتفریق اور موثر عسکری آپریشن کریں تاکہ دہشت گردی کے عفریت کو جڑ سے اکھاڑ پھینکا جائے۔ تفصیلات کے مطابق حالیہ سانحہ پشاور کے تناظر میں پاکستان ہندوکونسل کی ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس کی صدارت سرپرستِ اعلیٰ ڈاکٹر رمیش کمار ونکوانی نے کی جس میں صدر چیلا رام کیلوانی، نائب صدرانجینئر ہوت چند کرمانی، سیکرٹری جنرل ڈاکٹر دیپک، گوپال داس سمیت دیگر شریک ہوئے۔ اس موقع پر شرکاءنے معصوم پاکستانی جانوں کے ضیاع کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی، اپنے اعلامیہ میں انہوں نے شہداءکے لواحقین کے غم کو پوری قوم کا مشترکہ غم قرار دیا۔
ڈاکٹر رمیش کمار نے اپنے خطاب میں ہندو برادری کی جانب سے افواجِ پاکستان کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردوں کے خلاف جنگ میں پوری پاکستانی قوم متفق ہے۔ بعد ازاں، پشاور میں شہید ہونے والے بچوں کی یاد میں پاکستان ہندو کونسل کے اراکان کی جانب سے شمعیں روشن کی گئیں۔
٭٭٭٭٭٭٭٭٭
Category: Peshawar Incident