تمام لوگوں کو پر امن اجتماع کا حق حاصل ہے

| 19 April 2018

پریس ریلیز

تمام لوگوں کو پر امن اجتماع کا حق حاصل ہے

لاہور، 19اپریل2018 ۔ یہ قیاس آرائیں عروج پر ہیں کہ حکام خیبر پختونخوا کی ایک تنظیم کو 22اپریل 2018ء کو لاہور میں جلسے کی اجازت دینے پر راضی نہیں ہیں۔ پاکستان کمیشن برائے انسانی حقوق (ایچ آر سی پی) نے آج پنجاب حکومت پر زور دیا کہ وہ ایسے اقدامات کرنے سے اجتناب کرے جنہیں لوگوں کے اجتماع کے بنیادی حق میں مداخلت کے طور پر دیکھا جائے۔

ایچ آر سی پی نے پنجاب چیف سیکریٹری کو بھیجے گئے ایک خط میں کہا کہ :’ہمارا ماننا ہے کہ خیبر پختونخواکے لوگوں کو لاہور میں داخل ہونے اور جلسہ منعقد کرنے کا اتنا ہی حق ہے جتنا کسی دوسرے صوبے کے لوگوںکو ہے۔‘مارچ 1973ءکے واقعات کی یاد دلاتے ہوئے، جب راولپنڈی کے لیاقت باغ میں نیشنل عوامی پارٹی کے جلسے پر سکیورٹی فورسز نے فائرنگ کردی تھی، ایچ آر سی پی کے ایک ترجمان نے کہا کہ : ’ملک نے لوگوں کے اجتماع کے حق میں مداخلت کی پہلے ہی بہت بھاری قیمت ادا کی ہے۔ تاریخ کو خود کو دہرانے کا موقع نہیں دینا چاہئے۔ لہٰذا پنجاب حکومت کا یہ فرض ہے کہ وہ اس بات کو یقینی بنائے کہ صوبے میں ہونے والی کسی بھی پرامن سیاسی سرگرمی میں رکاوٹ نہ ڈالی جائے، اور یہ کہ پاکستان کے تمام لوگوں کو اپنی شکایات کے پرامن اظہار کا حق حاصل ہے۔‘

 ڈاکٹر مہدی حسن

چیئرپرسن

 

 

 

 

Category: Urdu

Comments are closed.