65 years old man died by police torture
Published in: Nawaiwaqt – نوائے وقت
لاہور (سٹاف رپورٹر) تھانہ شالیمار میں مبینہ پولیس تشدد سے زیرحراست 65 سالہ ملزم ہلاک ہو گیا۔ پولیس نے نعش پوسٹ مارٹم کیلئے مردہ خانہ بھجوا دی۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ایس پی سول لائن امتیاز سرور موقع پر پہنچ گئے۔ پولیس کے اعلیٰ افسروں سمیت ماتحت بھی تفصیلات دینے سے انکاری رہے اور مختلف بہانوں سے ملزم کی تھانہ شالیمار کے حوالات میں ملزم کی ہلاکت بارے خود کو بے خبر ظاہر کرتے رہے۔ ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ تھانہ شالیمار پولیس کے ایس ایچ او شیخ خالد فاروق، انچارج انویسٹی گیشن حاجی مقصود نے بھینس چوری کے مقدمہ میں ملزم سرور کو گرفتار کیا اور تھانہ لے آئے۔ ملزم ننکانہ کا رہائشی بتایا گیا ہے اور اس کی عمر 65 سالہ بتائی گئی ہے۔ تھانہ شالیمار کے پولیس افسر نے ملزم سرور کو حوالات میں تشدد کا نشانہ بناتے رہے جس سے ملزم کی حالت غیر ہو گئی اور ملزم سرور دم توڑ گیا جسے فوری طور پر شالیمار ہسپتال لے جایا گیا جہاں ڈاکٹروں نے اس کی موت کی تصدیق کر دی۔ ملزم سرور کے 2 بیٹے شدید زخمی اور مقامی ہسپتال میں زیرعلاج ہیں۔
Category: Custodial killing