عالمی برادری کو اسرائیل کے خلاف قانونی کاروائی کے لیے متحرک ہونے کی ضرورت ہے
عالمی برادری کو اسرائیل کے خلاف قانونی کاروائی کے لیے متحرک ہونے کی ضرورت ہے
لاہور، 18 مئی: ہیومن رائٹس کمیشن آف پاکستان (ایچ آر سی پی) نے کہا ہے کہ غزہ کے عوام پر اسرائیل کے ظالمانہ حملے عالمی قانون اور انسانی حقوق کے عالمی اصولوں کی کھلی خلاف ورزی کے زمرے میں آتے ہیں۔ محض گذشتہ ہفتے کے دوران، 60 بچوں سمیت 200 سے زائد افراد مارے جا چکے ہیں۔
اسرائیل کا نہ صرف عام شہریوں، بلکہ بچوں، صحت کے کارکنان اور ذرائع ابلاغ کو نشانہ بنانا اِس تشویشناک حقیقت کی طرف اشارہ کرتا ہے کہ اِسے قانونی کاروائی سے استثنیٰ حاصل ہے۔ عالمی برادری اس افسوسناک حقیقت کو مسلسل نظرانداز کر کے نقصان سے دوچار ہو سکتی ہے۔ طاقت کے شدید عدمِ توازن، عشروں پر محیط سامراجی آبادکاری اور ستم زدہ عوام کے خلاف ریاستی اعانت سے ہونے والے جرائم کی موجودگی میں صرف یہ کہہ دینا کافی نہیں کہ ریاست کو اپنے ‘دفاع’ کا حق حاصل ہے۔
ایچ آر سی پی غزہ کے عوام کے ساتھ کھڑا ہے اور اقوامِ عالم سے مطالبہ کرتا ہے کہ وہ انسانی حقوق کے اِن اصولوں کی حفاظت کے لیے عزم کا مظاہرہ کریں جن کی ترجمانی کا وہ دعویٰ کرتی ہیں۔
چئیرپرسن حنا جیلانی کے ایماء پر
Category: Urdu