پروین رحمان کا قتل قابل مذمت ہے
پروین رحمان ، ڈائریکٹر اورنگی پائلٹ پراجیکٹ (او پی ڈی) کی بیہمانہ ہلاکت کی مذمت کرتے ہوئے پاکستان کمیشن برائے انسانی حقوق (ایچ آر سی پی) آزادی، انصاف اور انسانی حقوق پر یقین رکھنے والے تمام پاکستانیوں سے مطالبہ کرتا ہے کہ وہ اپنے دشمنوں کے خلاف اٹھ کھڑے ہوں جو ان کی امید کا خاتمہ کرنے پر کمربستہ ہیں۔
آج یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں کمیشن نے کہا: ایچ آر سی پی ملک کے غریب اور پسماندہ افراد کے حقوق کے لیے جدوجہد کرنے والی انتہائی مخلص اور بہادر سماجی کارکن پروین رحمان کے سنگین قتل کی پرزور مذمت کرتا ہے۔ وہ گزشتہ تیس برس سے شدید ناگوار حالات میں خود کو درپیش خطرات کو نظرانداز کرتے ہوئے غریب عوام کے حقوق کے تحفظ کے لیے کام کررہی تھیں۔ انہوں نے غیر محفوظ طبقات کی اعانت کے لیے کراچی کے کشیدگی زدہ علاقوں میں روزانہ سفر کرنے کا خطرہ مول لینے سے گریز نہیں کیا۔ خود کو اختر حمید خان کی قابل جانشین ثابت کرتے ہوئے، انہوں نے شہری ترقی، دیہاتی منصوبہ بندی، پانی وآب نکاسی کا بندوبست، غریب بچوں کی تعلیم اور چھوٹے قرضہ جات کی فراہمی کے شعبوں میں اورنگی پائلٹ پراجیکٹ کی پیش قدم ادارے کی حیثیت کو بحال رکھنے میں قائدانہ کردار ادا کیا ہے۔ ان کی ہلاکت سول سوسائٹی کے لیے عظیم دھچکہ اور قوم کے لیے بہت بڑا خسارہ ہے۔
ایچ آر سی پی متاثرہ خاندان اور او پی ڈی کی ٹیم کے ساتھ تعزیت کا اظہار کرتا ہے اور اپنے اس موقف کا اعادہ کرتا ہے کہ پاکستان کے اعلیٰ دماغ بیٹوں اور بیٹیوںکے قتل پر محض آنسو بہا دینا کافی نہیں ہے۔ آزادی، انصاف اور انسانی حقوق کا احترام کرنے والے تمام افراد کوان درندوں کی مزاحمت کے لیے منظم ہونا چاہئے جو ان کی امید اور محبت کے چراغوں کو بجھانے میں برسرپیکار ہیں۔
زہرہ یوسف
چیئر پرسن
Category: Urdu