معلومات کا حق جمہوریت کی روح ہے

| 28 September 2018

پریس ریلیز

معلومات کا حق جمہوریت کی روح ہے

لاہور، 28 ستمبر2018۔ پاکستان کمیشن برائے انسانی حقوق (ایچ آر سی پی) نے جاننے کے حق کے بین الاقوامی دن کے موقع پراپنے موقف کو پھر سے دہرایا ہے کہ ‘لوگوں’ کا معلومات کا حق بنیادی حق سے کم نہیں ہے۔ جاننے کا حق بہتر نظم و نسق، جمہوری اقدار اور انسانی حقوق کے تحفظ کے لیے ناگزیر ہے۔ اگرچہ پاکستان نے صوبائی اور وفاقی قانون سازی کی شکل میں معلومات کے حق کی جانب کئی اہم اقدامات کیے ہیں، تاہم بہترشفافیت اورجوابدہی کو یقینی بنانے کے لیے اب بھی بہت کچھ کرنا باقی ہے، اور اس کا اطلاق اصولی اور عملی طور پر تمام سرکاری اور ریاستی اداروں، ایجنسیوں اور انتظامی شعبوں پر ہونا چاہئے۔

کمیشن نے مزید کہا کہ ‘تعلیم، صحت، رہائش، اورروزگارکے حق سمیت تمام انسانی حقوق کو متاثرکرنے والے  معاملات پرمعلومات کا حق فراہم کرنے والے طریق ہائے کارسادہ ہونے چاہئیں۔ معلومات کا حق ریاستی اہلکاروں کی صوابدید پرنہیں چھوڑا جا سکتا۔ نہ ہی اسے’قومی مفاد’ کے حوالے سے متضاد تصورات کی بنیاد پرمحدود کیا جاسکتا ہے۔ ایچ آرسی پی کا کہنا ہے کہ ایسے ماحول میں جب ملک میں صحافت حملوں کی زد میں ہے جن میں روزبروز شدت آرہی ہے، ریاست کو چاہیے کہ وہ شہریوں کے معلومات کے حق پرغیرضروری پابندیاں ہٹائے اورمعلومات تک رسائی ایکٹ 2017 کے تحت اپنی ذمہ داریاں ادا کرے۔

ڈاکٹرمہدی حسن

چئیرپرسن

 

Category: Urdu

Comments are closed.