حکومت کو عقل مند قیادت کا کردار ادا کرنا ہو گا
پریس ریلیز
حکومت کو عقل مند قیادت کا کردار ادا کرنا ہو گا
لاہور، 5 نومبر۔ ہیومن رائٹس کمیشن آف پاکستان (ایچ آر سی پی) کے لیے یہ امر پریشانی کا سبب ہے کہ وفاقی حکومت میں یہ اہلیت یا آمادگی نظر نہیں آ رہی کہ وہ مستحکم و شمولیتی جمہوریت کو اپنے سیاسی اختلافات سے بالاتر قرار دے کر عقل مند قیادت کا کردار ادا کرے۔
سیاسی منظرنامے کو مفاہمت اور اتفاقؚ رائے کے رنگ سے رنگنے کے بجائے، حکومت کے بعض اراکین نے سیاسی حزبؚ اختلاف پر غدّاری کے سنگین الزامات عائد کیے ہیں۔ وفاقی وزیرؚ داخلہ بریگیڈیر۔ (ریٹائرڈ) اعجاز شاہ کی سیاسی حزبؚ اختلاف کو تنبیہ کہ اࣳن کا بیانیہ دہشت گردوں کے حملوں کو دعوت دے گا، غیرذمہ دارانہ اور خطرناک ہے۔ اؚسی طرح، سابق سپیکر قومی اسمبلی، محترم ایاز صادق کو ہندوستانی پائلٹ ابھینندن کے روپ میں پیش کر کے ان کے خلاف مہم چلانا قابلؚ مذمت ہے۔
ایچ آر سی پی حکومت سے مطالبہ کرتا ہے کہ وہ پࣳختہ سوچ اپنائے اور خوراک کی تیزی سے بڑھتی قیمتوں ایسی صورتؚ حال میں عام شہریوں کی معاشی ضروریات پوری کرنے، جبری گمشدگیوں کے خاتمے، عورتوں و بچوں کے خلاف بڑھتے ہوئے تشدد پر قابو سمیت انسانی حقوق کے دیگر مسائل پر توجہ دے۔
چئیرپرسن ڈاکٹر مہدی حسن کے ایماء پر
Category: Urdu