انسانی حقوق کے پرُعزم کارکن میاں ناظم الدین کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا

| 16 January 2014

پریس ریلیز
لاہور
15-جنوری 2014

پاکستان کمیشن برائے انسانی حقوق (ایچ آر سی پی) نے اپنے سابق سینئر سٹاف ممبر اورانسانی حقوق کے پرُعزم کارکن میاں ناظم الدین کی وفات پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ ایچ آر سی پی نے ایک تعزیتی اجلاس میں خلوص کے ساتھ اُنہیں یاد کرتے ہوئے کہا کہ وہ ”انسانی حقوق کے کارکن سے بھی بڑھ کر“ تھے۔ انہوں نے ایچ آر سی پی اور دیگر بہت سی تنظیموں کے ریکارڈ سیکشن کی ترقی میں اہم کردار ادا کیا تھا۔ وہ اپنے زمانہ طالبعلمی میں بھی انسانی حقوق کے بہادر کارکن تھے۔ جب وہ کسی کام کرنے کا ارادہ کر لیتے تو اس سے پیچھے نہیں ہٹتے تھے۔ انہیں ہندوستان کی جدوجہد آزادی کے سرگرم حامی ہونے کی بنا پر جیل بھی بھیجاگیا تھا۔
میاں نظام پاکستان ٹائمز، فرنیٹئر پوسٹ اور ویوپوائنٹ کے ساتھ وابستہ رہے تھے اور ان کی آخری پیشہ وارانہ رفاقت ایچ آر سی پی کے ساتھ تھی جہاں وہ اپنے بڑھاپے تک خدمات سرانجام دیتے رہے۔ میڈیا میں ریفرنس سیکشن کے بانی قائد کی حیثیت سے میاں صاحب نے اس میدان میں کئی نسلوں کو تربیت فراہم کی۔
میاں صاحب کی وفات کی خبر نہ صرف ان کے اہل خانہ اور دوستوں کے لیے بلکہ پاکستان اور بیرون ملک انسانی حقوق کے متعدد کارکنوں اور تحقیق کاروں کے لیے بھی نقصان کا باعث ہے جن کے کام میں انہوں نے آسانی پیدا کی تھی۔
ایچ آر سی پی کا عملہ میاں صاحب کو خراج تحسین پیش کرتا ہے اور ان کے اہل خانہ اور دوستوں سے تعزیت کا اظہار کرتا ہے۔ میاں صاحب کو اُن کی جانفشانی اور عزم کے باعث ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

(آئی۔اے۔رحمٰن)
سیکرٹری جنرل

Category: Urdu

Comments are closed.